وڈھ کے سردار نے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے، نجی جیلوں میں لوگوں پر مظالم کا نوٹس لیا جائے، جھالاوان عوامی پینل
خضدار (بیورورپورٹ) جھالاوان عوامی پینل خضدار سٹی کے آرگنائزر میر شہزاد خان غلامانی، سینئر رہنما میر شہباز خان قلندرانی کی قیادت میں شہزاد سٹی مینگل ہاﺅس سے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی ریلی کے شرکاءسے جھالاوان عوامی پینل کے سٹی آرگنائزر میر شہزاد خان غلامانی، میر شہباز خان قلندرانی، ڈاکٹر حبیب اللہ خدرانی، میر سعداللہ گنگو، جان محمد الفت محمد حسنی ودیگر نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی آرگنائزر رئیس محمد صادق گزگی، میر محمد اقبال رئیسانی، سیکرٹری اطلاعات میر سعید احمد قلندرانی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ریلی کے شرکاءسے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر شفیق الرحمن مینگل نہ صرف وڈھ بلکہ پورے بلوچستان میں مظلوم اقوام کی نمائندہ ہے اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم میر شفیق الرحمن مینگل کی قیادت میں وڈھ کے مظلوم عوام کو بھی ظالم کی ظلم سے نجات دلائیں گے۔ بی این پی کے اراکین اسمبلی قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں وڈھ کے حالات کے متعلق غلط بیانی کرکے دنیا کی توجہ ایک ظالم کی ظلم سے ہٹانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن اس جدید دور میں اب ظالم کو جھوٹی کہانیوں کے ذریعے نہیں چھپائے جاسکیں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وڈھ کو ایک قبائلی سردار نے اپنے محاصرے میں رکھ کر غریب شہریوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ نجی جیل میں بزرگ اور نوجوانوں کو قید رکھ کر گزشتہ روز نجی جیل میں قید ایک بزرگ شخص کو رہا کرنے کا معاہدہ کیا مگر اپنے معاہدے سے مکر گئے۔ اسمبلی میں چند مخصوص اراکین وڈھ کی اصل صورتحال پر بات کرنے کے بجائے عوام کو جھوٹی کہانیاں سناکر ہمدردی قبائلی سردار کی جانب موڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر جھالاوان عوامی پینل خضدار، وڈھ، زہری، نال، کرخ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے نہیں برسوں سے وڈھ کے عوام کو ایک قبائلی سردار نے یرغمال بنا رکھا ہے اور اب متعلقہ قبائلی سردار نے دو قدم اور آگے نکل کر نجی جیل قائم کی ہے، جہاں شریف شہریوں کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینے کے لیے قید رکھا جاتا ہے، گزشتہ دنوں ان مظالم کیخلاف وڈھ کے تقریباٰ چالیس معزز قبائلی ذمہ داران نے ایک جرگہ بلایا جس میں اپنی ردعمل کا اظہار کیا۔ اس ردعمل کے بعد ثالث میدان میں آئے اور ان کے ساتھ معاہدہ کر کے یہ وعدہ کیا گیا کہ نجلی جیل میں قید بزرگ شخصیت کو دو دن میں رہا کیا جائے گا مگر افسوس قبائلی سردار قبائلی روایات کو پس پشت ڈال کر اپنی ہی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بزرگ شخصیت کو رہانہ کیا۔ جھالاوان عوامی پینل کے رہنماﺅں نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بی این پی (مینگل) کے اراکین اسمبلی وڈھ کی اصل صورتحال سے عوام کو آگاہ کرنے کے بجائے متعلقہ قبائلی سردار کے مظالم پر پردہ ڈال کر انہیں مظلوم پیش کرنے کی جو کوشش کررہے ہیں، ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں اپنی پارٹی سربراہ کے مظالم پر جتنا بھی پردہ کرنے کی کوشش کریں گے مگر وہ اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہونگے۔


