سرکاری سرداروں نے نورا مینگل، نواب نوروز خان، نواب اکبر خان بگٹی کے ساتھ جو کیا وہ تاریخ کا حصہ ہے، جھالاوان عوامی پینل

خضدار (بیورو رپورٹ) جھالاوان عوامی پینل خضدار کے سٹی آرگنائز میر شہزاد غلامانی، ظفر تاج میروانی، میر اقبال رئیسانی، ڈپٹی آرگنائزر رئیس صادق گزگی، میر فدا احمد قلندرانی، میر سعد اللہ گنگو، میر سعید احمد قلندرانی، میر مجیب نور پندرانی ودیگر نے خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وڈھ گزشتہ کئی روز سے ایک قبائلی سردار کے ہاتھوں مکمل طور پر یرغمال ہے، قبائلی سردار کے مسلح جتھوں نے وڈھ شہر مین آر سی ڈی روڈ پر اسکول، اسپتال سمیت و دیگر سرکاری عمارتوں کو اپنے قبضے میں لیکر ان پر اپنے مسلح کارندے تعینات کردیے ہیں، یہ سب کچھ وہ اپنی ساکھ کو بچانے کے خاطر کررہا ہے۔ کچھ لوگ اسمبلی اور پریس کانفرنسوں کے ذریعے وڈھ میں جاری ظلم پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کرکے تاریخی حقائق و واقعات کو توڑ مروڑ کر پیش کررہے ہیں۔ شہید نور محمد عرف نورا مینگل، نواب نوروز خان اور نواب اکبر خان بگٹی کے ساتھ اس قبائلی سردار نے کیا وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ شہید نورا مینگل کے ساتھیوں کیخلاف اسی قبائلی سردار کے پردادا نے انگریزوں کی مخبری کی اور ان کو شہید کروانے میں پیش پیش رہا۔ نواب نوروز خان کو پہاڑوں پر بھیج کر خود ہتھیار ڈال کر اپنی جان بچانے کو ترجیح دی، نواب اکبر خان بگٹی کو یہ یقین دلایا کہ اگر ڈیرہ بگٹی میں ایک گولی چلی تو وڈھ سے سو گولیاں چلیں گی مگر سب نے دیکھ لیا کہ نواب اکبر خان بگٹی نے پہاڑوں کا رخ کرلیا تو موصوف نے جنرل پرویز مشرف سے ڈیل پر اکتفا کرلیا، یہ نام نہاد قوم پرست و مفاد پرست ٹولہ توتک اجتماعی قبروں کو لیکر ہمیشہ غلط بیانی و جعلی پروپیگنڈوں کے ذریعے اپنی سیاست چمکانے کی کوششیں کرتا آیا ہے، جبکہ حقیقت میں توتک اجتماعی قبروں کے ذمہ دار یہی لوگ خود ہیں، لیویز چوکی واقعے کو ہمارے قائد کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ ان واقعات کے اصل ذمہ دار یہی لوگ ہے، جو بلوچستان میں بسنے والے تمام محب وطن پاکستانی اور مظلوم عوام میر شفیق الرحمن مینگل کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آخری حد تک کھڑے رہیں گے اور اس نام نہاد ٹولے کا ہر میدان میں مقابلہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سچ اور حق پر ڈٹے رہے ہیں۔ میر شفیق الرحمن مینگل جھالاوان کو سرکاری سردار کی غلامی سے نجات کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، اس لیے جب بھی سرکاری سردار نے ہمارے لیڈر شفیق الرحمن مینگل کی مقبولیت سے گھبرا کر حالات کو کشیدہ گی جانب دھکیل رہے ہیں لیکن ہم جھالاوان کے باسیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنے موقف سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں