یورپ میں 360 سے زائد مرتبہ قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی، سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے، ایم ڈبلیو ایم
کوئٹہ (آن لائن) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنمامقصود علی ڈومکی نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر سوئیڈن کے سفیر کو ملک بدر کرے کیونکہ 2009 سے لے کر اب تک یورپ میں 360 سے زائد مرتبہ قرآن کریم کی بے حرمتی کی گئی ہے، سویڈن کی متعصب عیسائی حکومت دنیا بھر میں مسلم عیسائی خونی فسادات کی آگ بھڑکانا چاہتی ہے ، پاکستان کے تمام علمااکرام سے مطالبہ ہے کہ 7 جولائی جمعہ کواپنے خطبات میں قرآن پاک سے تمسک کے طور پر منا کر اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو علامہ سید محمود رضا اخلاقی ، مولانا فضل ربی ، علامہ سہیل اکبر شیرازی، ارباب لیاقت ، سید ابراہیم اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی،انہوں نے کہا کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحی کو قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کی اجازت سویڈن عدالت نے دی، قرآن پاک کی بے حرمتی سے 2 ارب مسلمانوں کے دل چھلنی ہوئے ہیں،پچھلے 14 سالوں میں یورپ اور امریکہ میں اسلام قبول کرنے والوں کی شرح 3 فیصد سے بڑھ کر 8 فیصد تک جا پہنچی ہے غیر یورپی ممالک میں جس میں امریکہ سرفہرست ہے میں تیزی سے اسلام پھیل رہا ہے،جاپان جہان 2000 تک ٹوکیو میں صرف ایک مسجد تھی آج پورے جاپان میں 4 ہزار 1 سو مساجد ہیں روس جہاں قرآن مجید کی تلاوت پر پابندی اور نماز پڑھنا جرم تھا آج سائبیریا، بلغاریہ ،ماسکو میں 300 سے زائد مساجد ہیں ، اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے اسلام مزید مضبوط ہوتاجارہا ہے،انہو ں نے توہین قرآن کریم جیسے شرمناک عمل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ملکوں سے سویڈن سفیر کو احتجاجاً ملک بدر کریں اور تمام اسلامی ممالک اور مسلم امہ سویڈن مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کریں،پاکستان کے کرڑوں شہری سمجھتے ہیں کہ حکومت پاکستان کا صرف مذمتی بیان ناکافی ہے ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلام آباد میں متعین سویڈن سفیر کو فی الفور ملک بدر کیا جائے ،سویڈن کی متعصب عیسائی حکومت دنیا بھر میں مسلم عیسائی خونی فسادات کی آگ بھڑ کانا چاہتی ہے اقوام متحدہ سویڈن میں آخری مقدس کتاب قرآن کریم اور انبیاءاکرام علیہ اسلام کی بے حرمتی کا نوٹس لیتے قرآن کریم کی توہین کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے قانون سازی کرے ،قرآن کی جس طرح توہین سویڈن نے سرکاری سطح پر کی اس سے تو قرآن مجید کے ایک حرف کو فرق نہیں پڑا لیکن مغرب کی اخلاقی تاریخ کے سیاہ دھبوں میں ایک بڑے دھبے میں اضا فہ ہوا ہے ۔ انہوںنے پاکستان کے تمام علمااکرام سے مطالبہ کیا ہے کہ 7 جولائی بروز جمعہ اپنے خطبات میں قرآن پاک سے تمسک کے طور پر منا کر اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا جائے اور حکومت سوئیڈن کے سفیر کو ملک بدر کرے۔


