تحصیل چیئرمین غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہورہے ہیں، مقدمہ درج کیا جائے، ڈی سی گوادر کا مراسلہ

گوادر (آن لائن) ڈپٹی کمشنر گوادر کا میونسپل کمیٹی گوادر کے چیئرمین کےخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ، صوبائی الیکشن کمیشن کو کارروائی کے لیے مراسلہ لکھ دیا۔ تحصیل چیئرمین غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہورہے ہیں، ماضی میں بھی ان کیخلاف متعدد جرائم کے مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ شریف میاں داد دھرنا اور احتجاج کی آڑ میں امن اور امان کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور ضلعی چیئرمین کے انتخاب کو سبوتاژ کرسکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نے ڈی پی او پولیس گوادر اور صوبائی الیکشن کمیشن کے نام ایک مراسلے کے ذریعے گوادر میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کمیٹی گوادر کے چیئرمین شریف میاں داد کی سرگرمیاں غیر تسلی بخش ہیں، لہٰذا ان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کمیٹی گوادر کے چیئرمین شریف میاں داد نے6 جولائی کو ڈپٹی کمشنر گوادر آفس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور عین اسی دن بلدیاتی الیکشن کے ضلعی چیئرمین شپ کے انتخابات بھی ہورہے ہیں، اس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امن وامان میں خلل ڈالنے کے لیے یہ سب کررہے ہیں اور اس میں عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے فوری مداخلت کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کے مراسلے کے مطابق گوادر میں بجلی کی بندش کو بنیاد بنا کر احتجاج کا بہانا بنایا جارہا ہے لیکن اس احتجاج کے عزائم کچھ اور ہیں، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عوامی دفتر کی اقدار اور ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے کے بجائے چیئرمین شریف میاں داد غیر قانونی اور عوام کیخلاف ہونے والی سرگرمیوں کا حصہ بننے لگے ہیں۔ چیئرمین میونسل کمیٹی کا احتجاج ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے پیش کی جانے والی اہم خدمات کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوگا۔ اس دھرنے کا وقت خاص طور پر تشویشناک ہے کیونکہ یہ ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخاب کا دن بھی ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شریف میاں داد نے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کےلئے ڈسٹرک چیئرمین کے انتخاب کے روز دھرنا ترتیب دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطے میں یا دفتر جانے والی سڑک پر چیئرمین مونسپل کمیٹی کی جانب سے کوئی بھی غیر قانونی سرگرمی کی گئی تو پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی کیخلاف ماضی کی متعدد مجرمانہ ایف آئی آرز میں اس کی شمولیت اس کی ماضی کی غلطیوں کی سنگینی کی گواہی دیتی ہے۔ صوبائی الیکشن کمیشن فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے، کیونکہ اس معاملے میں لاپرواہی تباہ کن نتائج کی طرف بڑھ سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں