الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے
اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کے عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔الیکشن کمیشن نے لاء ونگ کو دیگر اداروںکے زریعہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے حوالہ سے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔جبکہ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کیس کی سماعت 20جولائی تک ملتوی کردی ۔چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی، ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ اور ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا جسٹس (ر)اکرام اللہ خان پرمشتمل پانچ رکنی بینچ نے فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت فوادچوہدری کے معاون وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور الیکشن کمیشن سے استدعا کی کیس کی سماعت ملتوی کی جائے اور نئی تاریخ دی جائے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے گزشتہ حکم کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اوران کے وکیل کے دلائل مکمل ہو چکے ہیں اورآج الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دینا ہیں۔ اس پر ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا جسٹس (ر)اکرام اللہ خان کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ فوادچوہدری آئے ہیں یا نہیں؟اس پر وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ فواد چوہدری سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔جسٹس (ر)اکرام اللہ خان کا کہنا تھا کہ نہ توفواد چوہدری خودآئے ہیں اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی درخواست آئی ہے اس کے بعد قانونی راستہ یہی رہ گیا ہے کہ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کئے جائیں۔ جبکہ دوران سماعت اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے حوالہ سے رپورٹ پیش کی۔ پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ وہ فواد چوہدری کے آبائی علاقہ میں گئے اوروہاں پر ان کے بھائی وکیل فیصل فرید چوہدری سے ملاقات ہوئی اورجب ان کے سامنے وارنٹ رکھے گئے توانہوں نے کہا فواد چوہدری کے خلاف سیاسی مقدمات ہیں، ہمیں نہیں پتا کہ فوادچوہدری کہاں پر ہیں اورہماری ان کے ساتھ کوئی ملاقات بھی نہیں ہورہی۔الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20جوئی تک ملتوی کردی۔ ZS


