قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب 6 ملزمان یواے ای سے گرفتار

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)اور انٹرپول پاکستان نے پنجاب پولیس کو قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب 6 ملزمان یواے ای سے گرفتارکرلئے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق متحدہ عرب امارات سے گرفتار ملزمان کو سیالکوٹ ایئرپورٹ پرمتعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں قمرشہزاد، توقیر بٹ، بوستان حسن، صائم زیب، وقارعظیم اور نسیم عباس شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف قتل، ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے، گرفتار ملزمان اٹک، وہاڑی، گوجرانوالہ، پاکپتن اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب تھے۔ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے جمعہ کے روز ٹوئٹرپر جاری بیان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ پنجاب پولیس رواں سال سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے بیرون ملک مفرور یا فرار کی کوشش کرنے والے 90 سے زائد اشتہاریوں کو گرفتار کر چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں