نوشکی سے مسخ شدہ لاش برآمد، قتل کرکے ویرانے میں دفن کیا گیا تھا

نوشکی (نامہ نگار) نوشکی پاک افغان سرحدی علاقے سے مسخ شدہ لاش برآمد۔ مقتول کو تشدد کے بعد قتل کرکے لاش بوری میں ڈال کر ویرانے میں دفن کی گئی تھی۔ نوشکی کے سرحدی علاقے یونین کونسل ڈاک کے رہائشی طاہر خان مینگل تین دن پہلے گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے، مقامی افراد نے ایف سی کی مدد سے دو روز تک لاپتہ شخص کی تلاش جاری رکھی تھی جبکہ گزشتہ روز پاک افغان سرحدی علاقہ زاروچاہ کے قریب ایک ویرانے میں طاہر خان نامی شخص کی دفن شدہ لاش ملی جسے بدترین تشدد کے ذریعے قتل کرکے لاش بوری میں ڈال کر دفن کیا گیا تھا۔ مقامی لوگوں نے واقعے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے شفاف انکوائری کرنے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں