دیامر بھاشا ڈیم پر چینی باشندوں پر حملے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں مارا گیا

کوہستان (انتخاب نیوز) اپرکوہستان کے علاقے داسو میں دیامر بھاشا ڈیم کی سائٹ پر کام کرنے والے چینی باشندوں پر تخریب کار حملے کا ماسٹر مائنڈ طارق افغانستان میں مارا گیا۔ افغان خبر رساں ادارے کے مطابق کالعدم (ٹی ٹی پی) کا سرغنہ طارق افغانستان کے صوبے کنڑ میں ہلاک ہوا۔ افغان خبر رساں ادارے کا کہنا ہےکہ ٹی ٹی پی کے ایک سینئر کمانڈر نے تصدیق کی ہے کہ طارق رفیق عرف بٹن خراب کا رابطہ کل سے منقطع ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر طارق رفیق کی شدید زخمی حالت میں تصاویر وائرل ہیں جن میں اس کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 14 جولائی 2021ءکو اپر کوہستان کے علاقے داسو میں پیش آنے والے واقعے میں دیامر بھاشا ڈیم کی سائٹ پر کام کرنے والے 9 چینی باشندوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا تاہم بعد ازاں اس وقت کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے واقعے میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں