توشہ خانہ کیس، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد (صباح نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔سماعت کے آغاز پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور عدالت کو بتایا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدم دستیابی کی بنا پر سماعت نہیں ہو سکی ۔ انصاف کی بنیاد پر ایک اور موقع دیا جائے۔ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ کیس کو ہفتے کے روز سماعت کیلئے مقرر کر رہا ہوں۔ بیرسٹر گوہر نے پیر کو سماعت رکھنے کی استدعا کی تو الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے اس کی مخالفت کر دی اور کہا ہم دلائل دینا چاہتے ہیں ، 15جولائی کو کچھ مصروفیات ہیں۔ عدالت نے امجد پرویز کی استدعا منظور کرتے ہوئے تاریخ تبدیل کر دی۔الیکشن کمیشن کے وکیل سے جمعہ کو اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا سے پیر کو دلائل طلب کر لئے گئے ۔ الیکشن کمیشن کی مزید 3گواہان کو شامل کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا سے 17جولائی کو دلائل طلب کر لئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں