چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 جیسے منصوبوں کا شروع ہونا افواہیں پھیلانے والوں کو موثر جواب ہے، شہباز شریف

میانوالی(صباح نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 جیسے منصوبوں کا شروع ہونا افواہیں پھیلانے والوں کو موثر جواب ہے، افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، مشکل وقت میں دوست ممالک نے تعاون کیا،آئی ایم ایف پروگرام کی منظور ی کے بعد ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ۔میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5کا سنگِ بنیاد رکھے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کا عکاس ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 ایک اہم سنگِ میل ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 15 ماہ میں انتہائی ہنگامہ خیزیوں کا سامنا کیا، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے حکومت پاکستان اور ہمارے تمام اداروں کی انتھک کوششوں کے باعث ممکنہ ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا اور معیشت تباہ ہو جائے گی ، مشکل وقت میں دوست ممالک نے تعاون کیا۔انہوں نے کہاکہ تعاون کی کہانی چین کی مدد کے بغیر نامکمل ہے، مشکل وقت میں چین نے 5 ارب ڈالرز کے قرضوں کو رول اوور کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ عظیم دوست کی مشکل وقت میں مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے، آئی ایم ایف پروگرام کی منظور ی کے بعد ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ا نہوںنے کہا کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 جیسے منصوبوں کا شروع ہونا افواہیں پھیلانے والوں کو موثر جواب ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کو عالمی توانائی ایجنسی نے بھی محفوظ قرار دیا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی معاونت پر شکر گزار ہیں، پچھلے 4 ماہ میں پاکستان کی معیشت کو بچانے کے لئے چین نے متعدد اقدامات کئے۔انہوں نے کہا کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 سستی توانائی کے حصول کی جانب قدم ہے۔واضح رہے کہ چشمہ 5 کی استعداد کو 1100 میگا واٹ سے بڑھا کر 1200 میگاواٹ کر دیا گیا ہے۔معاہدے پر 2017 میں دستخط ہوئے، منصوبہ 5 برس التوا کا شکار رہا۔ شہباز شریف کے ملک میں کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے وژن کے تحت اس منصوبے پر کام کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں