شہباز شریف نے نگراں سیٹ اپ کیلئے مشاورتی عمل شروع کر دیا،قمرزمان کائرہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے نگراں سیٹ اپ کے لیے مشاورتی عمل شروع کر دیا ہے ، الیکشن کمیشن پرانی مردم شماری پر کام شروع کر چکاہے،سیاسی جماعتیں اگر اصلاحات بہتر سمجھتی ہیں تو فوری طورمشاورت کے بعد قانون سازی کرلیں ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اتحادیوں کے بعد لیڈر آف اپوزیشن سے مشاورت کریں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے بتایا کہ حلقہ بندی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو چار ماہ درکار ہیں، الیکشن کمیشن پرانی مردم شماری پر کام شروع کر چکاہے۔انہوں نے کہا کہ پرانے الیکشن رولز پر ہی الیکشن ہونے چاہئیں، سیاسی جماعتیں اگر اصلاحات بہتر سمجھتی ہیں تو فوری طورمشاورت کے بعد قانون سازی کرلیں۔قمر زمان کائرہ نے کسی جج، جرنیل، بیورکریٹ، ٹیکنوکریٹ یا صحافی کو نگرا ن وزیر اعظم لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نئی مردم شماری نوٹیفائی نہیں ہوتی، نئی حلقہ بندیوں کا تصور ہی نہیں، سیاسی عہدوں کو سیاست دان ہی چلا سکتے ہیں، یہ انہی کا کام ہے، ملک کا سب سے بڑا سیاسی عہدہ وزیرِ اعظم کا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کے عہدے پر کسی جج، جرنیل، بیورکریٹ، ٹیکنوکریٹ، صحافی یا کوئی کارپوریٹ سیکٹر کا بندہ لگایا جائے تو یہ اس عہدے کی ڈس گریس ہے اور کام بھی نہیں کر سکتا۔ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں کسی جج کی سیٹ خالی ہو تو اس میں مجھ جیسے بندے کو اگر جج لگاتے ہیں تو وہاں کیا انصاف کر پائوں گا، کسی انتظامی عہدے پر اچانک کسی جج کو بٹھا دیا جائے، جس کو تجربہ نہ ہو وہ کام نہیں کر سکیں گے۔وزیرِ اعظم آفس کی بہت ساری ذمہ داریاں ہوتی ہیں، وزیرِ اعظم ہوں، منسٹرز ہوں یا چیف منسٹرز ہوں، سیاسی لوگوں کو آنا چاہیے، دوسروں کے لئے یہ راستے نہیں کھولنے چاہئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں