اتحادی حکومت کی 2 جماعتوں کی وجہ سے 15 پارٹیاں متاثر ہوں گی، حافظ حسین احمد
اسلام آباد، کوئٹہ، کراچی، لاہور (آن لائن) جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں اتحادی حکومت میں شامل 2جماعتوں اوران کے قائدین و شخصیات کے تازہ بدلتے رویوں کی وجہ سے15 پارٹیوں سے ہر پارٹی الیکشن میں اپنے منشور کے تحت میدان میں ہی اترے گی بدھ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتوں کی دیمک زدہ بیساکیاں 9مئی کے بعد گھل سڑ چکی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو چھوڑنے والی 15پارٹیوں کا اپنے ہی اتحاد کے خاتمے کافیصلہ مستقبل میں ان کے لیے پچھتاوے کا باعث بن سکتا ہے انہوں نے کہا کہ بیساکیوں کے ذریعے بننے والی نومولود پارٹیاں پیدائشی طور پر سیاسی پولیو کی معذوری کا شکار ہوجاتی ہیں پنجاب اور پختونخواہ کے بعد اب سندھ اور بلوچستان میں بھی باپ کے آنے والے نومولودمعذور ہوں گے انہوں نے کہاکہ اب ہر جماعت الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہے اس لیے اب اتحادیوں کے درمیان ناراضگیاں پیدا ہونگیں کیوں کہ ہر پارٹی اپنے منشور اور کام کے تحت میدان میں اترے گی سیاسی پارٹیاں بننا جمہوری عمل ہے لیکن جس انداز میں بیساکیوں کے ذریعے نومولود پارٹیاں بنائی جارہی ہے لگتا ہے کہ اس بار انتخابات میں بڑا دنگل ہونے والا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالات کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ آئندہ حکومت کسی ایک پارٹی کی نہیں بلکہ کچھڑی بنے گی حافظ حسین احمد نے نگران حکومت اور نگران وزیر اعظم کے سوال پر اپنے مخصوص انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تو نگرانوں کی نگرانی کرنے والے چاق وچوبند موجود ہیں اب تو لگتا ہے وزیر اعظم بھی نگرانی والوں کی مرضی سے آئے گا۔


