پیپلز پارٹی سیلاب متاثرہ لوگوں کی بحالی تک کاوشیں جاری رکھے گی،شیری رحمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیر ی رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرہ لوگوں کی مکمل بحالی تک اس طرح کی کاوشوں کو جاری رکھے گی،گزشتہ سال کے تاریخی سیلاب کی وجہ سے صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔ لاکھوں گھر تباہ اور لوگ بے گھر ہوئے تھے۔ متاثرہ لوگوں کی بحالی اور تباہ شدہ گھروں کی تعمیر نو کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں حکومت سندھ نے دنیا کے سب سے بڑے بحالی منصوبے ‘سندھ پیپلز ہائوسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز” کا آغاز کیا۔ جس کے تحت سیلاب سے متاثرہ بے گھر ہونے والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر کیلئے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ گھر کی تعمیر کیلئے اب تک 50 ہزار افراد کو پہلی قسط فراہم کی گئی ہے۔ 5 ہزار متاثرہ لوگوں کو ان زمینوں کے مالکانہ حقوق دینے کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بے گھر افراد سے نئے گھر کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا جو اس منصوبے کے تحت مکمل ہو رہا ہے۔ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرہ لوگوں کی مکمل بحالی تک اس طرح کی کاوشوں کو جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں