وڈھ مسئلے کے مستقل حل کیلئے میر شفیق نے اختیار دیدیا، سردار اختر کے جواب کے منتظر ہیں، نواب رئیسانی
مستونگ (انتخاب نیوز) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف سراوان نواب محمداسلم خان رئیسانی نے وڈھ کے علاقے میں کشیدہ صورتحال کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے سردار اسد مینگل سردار اختر مینگل میر نصیر مینگل، میر شفیق مینگل سے فون پر وڈھ میں کشیدگی کے حوالے سے بات کی،انہیں ہم نے کہا کہ دونوں فریقین جنگ بندی کریں اور ہمیں مکمل اختیار دیں تاکہ اس کشیدہ حالات کو مصالحت کے طرف لے جائے جاسکے، فریقین اپنے لوگوں سے صلاح مشورہ کریں، ہم ان کے جواب کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ابھی وڈھ جائیں اور مسئلہ ختم نہ کرکے صرف فوٹو سیشن کرکے واپس لوٹ جائیں جس کا کوئی فائدہ نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں وڈھ کی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے دونوں فریقین مکمل اختیار دیں تاکہ ہم وڈھ جاکر وہاں کچھ دن بیٹھ کر مسائل کو دور کرکے تنازعہ کا مکمل خاتمہ ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشیدگی سے نقصان ہمارے ہی لوگوں کا ہورہا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ وڈھ میں خون خرابہ ہو۔ نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا کہ میر شفیق مینگل کی جانب سے ہمیں اختیار دینے کا پیغام موصول ہوگیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ میرے ساتھ نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی، میر رئیس رئیسانی و دیگر دوستوں کے ساتھ وڈھ جائیں اور وہاں بیٹھ کو مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کریں۔


