پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تجارات کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، ایرانی ڈپٹی قونصل جنرل

کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ میں متعین ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل علی رضا استواری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین ہونے والے دو طرفہ تجارت کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کسی ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کا ضامن ہوا کرتے ہیں، ان کےلئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ تہران میں ہونے والے پیٹرو کیمیکل ایکسپو سنگ میل ثابت ہوگی بلوچستان کے صنعتکار اور تاجر اس میں شرکت کےلئے تشریف لائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی ،نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے موقع پر انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کو تہران میں ہونے والے پیٹرو کیمیکل ایکسپو میں شرکت کےلئے دعوت نامہ بھی پیش کیا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ،نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل علی رضا استواری کو دوطرفہ تجارت میں درپیش مشکلات کی نشاندھی کرائی اور اس سلسلے میں انہیں مختلف تجاویز پیش کیں انہوں نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کو ایرانی ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات بارے بھی ان کی توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ بلوچستان سے ایران کے مختلف شہروں تک فلائٹس کا اجرا وقت کی اہم ضرورت ہے اس سلسلے میں دوطرفہ اقدامات اٹھانے جانے چاہیے،انہوں نے پاک ایران دوطرفہ بارڈر اور بارٹر ٹریڈ کے فروغ کےلئے ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے عہدیداران و ممبران ہمہ وقت تیار ہیں۔اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل علی رضا استواری نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ ستحکم تجارتی تعلقات کوفروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں البتہ اس کےلئے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ضروری ہے،ہم دونوں بردار اسلامی ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے اور ان کے خاتمے کےلئے درکار اقدامات اٹھائے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ ایران کے شہر تہران میں پیٹرو کیمیکل ایکسپو کا انعقاد ہونے جا رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان سے کثیر تعداد میں بزنس کمیونٹی کے لوگ اس میں شریک ہوں آج میرے یہاں آنے کا مقصد اسی نمائش کےلئے صنعتکاروں اور تاجروں کو دعوت دینا ہے،انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو ویزے کے اجرا میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے اس بابت ہم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کےلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے کوئٹہ تک فلائٹس بارے اپلائی کیا جا چکا اور ہمیں امید ہے کہ اس سلسلے میں بھی جلد صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو اچھی خبر ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں