وزیراعظم نے گوادر یونیورسٹی اور M-8 روڈ خضدار، آواران، ہوشاب کا سنگ بنیاد رکھ دیا
گوادر (انتخاب نیوز) چائنہ پاکستان ایکسپو سینٹر میں گوادر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد افتتاح کی تقریب سے وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان معدنیات اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کی وجہ سے معاشی بحالی کے منصوبے میں بہت اہم مقام رکھتا ہے۔ کان کنی اور معدنیات کے شعبے پر حکومت کی توجہ، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسکیٹیشن کونسل (SIFC) کے مجموعی دائرہ کار کے تحت جن پانچ شعبوں پر زور دیا جارہا ہے، فی کس آمدنی میں بہت بہتری لائے گا، احساس محرومی کو دور کرے گا اور مقامی روزگار کے مواقع لائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کا دارومدار بلوچستان کی خوشحالی، استحکام اور قومی دھارے میں شمولیت میں ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم کو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ، گوادر پورٹ کی ڈریجنگ اور سی پیک سمیت مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے گوادر یونیورسٹی اور ہوشاب-آواران-خضدار (M-8) روڈ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے سات بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں 286 کلومیٹر طویل 132 KV خضدار-پنجگور ٹرانسمیشن لائن، گوادر واٹر سپلائی سکیم، سیف سٹی پراجیکٹ، گوادر پورٹ کی ڈریجنگ، 1.2 ایم جی ڈی آر او ڈی سیلینیشن پلانٹ اور 106 کلومیٹر ڈوئل کیرج بسیمہ، خضدار روڈ شامل ہیں۔


