سپریم کورٹ نے حلقہ بندیوں کا معاملہ واپس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے حلقہ بندیوں کا معاملہ واپس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا، عدالت کا کہنا ہے کہ ابھی تو انتخابات کی کوئی تاریخ ہی طے نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل تمام معاملات حل کرے۔سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی سندھ میں صوبائی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حلقہ بندیاں عوامی مفاد کا معاملہ ہیں، سپریم کورٹ میں متعدد بارحلقہ بندیوں کا معاملہ آچکا ہے، الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں شفاف طریقے سے کرے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سندھ میں حلقہ بندیوں پر حساسیت زیادہ ہے، سندھ سے اکثر یہ گلہ کیا جاتا ہے کہ حلقہ بندیاں درست نہیں ہوئیں۔چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کب کرا رہا ہے؟، ابھی تو انتخابات کی کوئی تاریخ ہی طے نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل تمام معاملات حل کرے۔عدالت نے حلقہ بندیوں سے متعلق معاملہ واپس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔


