اروشی روٹیلا آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی کریں گی؟

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)2015ء میں ’مس دیوا یونیورس‘ کا خطاب جیتنے والی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی 2023ء کی رونمائی کرنے والی پہلی اداکارہ بن گئی ہیں۔اروشی روٹیلا کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کی ٹرافی کی رونمائی کرنے والی پہلی اداکارہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، اس وقت وہ اپنے دعوے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بے پناہ ٹرولنگ اور تنقید کا نشانہ بنی ہوئی ہیں۔گزشتہ روز، 23 اگست، 2023 کو اروشی نے اپنے سوشل میڈیا انسٹاگرام ہینڈل سے اپنی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں اُنہیں سنہری رنگ کے لباس میں ملبوس سنہری رنگ کی ٹرافی کے ساتھ پوز کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس تصویر کے پس منظر میں ایفل ٹاور نظر آ رہا ہے، تصویر کے ساتھ اروشی نے ایک نوٹ ’پیرس، فرانس میں ایفل ٹاور پر کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کی ٹرافی کا باضابطہ آغاز اور نقاب کشائی کرنے والی پہلی اداکارہ‘ بھی لکھا ہے۔اس پوسٹ میں اداکارہ نے آئی سی سی، کرکٹ ورلڈ کپ اور فرانس کرکٹ کو بھی ٹیگ کیا ہے۔ہر چیز میں پہلی اور چھوٹی عمر ہونے کا دعویٰ کرنے والی اداکارہ اروشی روٹیلا کا یہ پوسٹ شیئر کرنا ہی تھا کہ اُن پر انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔سوشل میڈیا پر اروشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ یہ اداکارہ خود کو ہمیشہ چھوٹی عمر اور ہر کام میں پہلی اداکارہ کہنے کا جنون رکھتی ہیں۔یاد رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023، 5 اکتوبر کو شروع ہونے جا رہا ہے جس کا اختتام 19 نومبر کو ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں