بلوچستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے قومی ایجنڈا تشکیل دینا ہوگا، حاجی لشکری
کوئٹہ (پ ر) بلوچستان پیس فورم کے سربراہ سینئر سیاستدان وکتاب دوست شخصیت نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بحرانوں میں اضافہ کرکے صوبے کو ایک بہت بڑی تاریخی تباہی کی طرف دھکیلا گیا ہے، بحرانوں سے نکالنے کیلئے صوبے کے حقیقی سیاسی کارکن ، طلباءقومی نظم و قدیم سماجی اصولوں پر منظم ہوکر علم ، شعور حکمت اور دانشمندی سے قومی ایجنڈا تشکیل دیں۔ یہ بات انہوںنے جمعہ کے روز اسٹوڈنٹس لیٹریسی سوسائٹی کے زیر انتظام بولان میڈیکل کالج میں قائم بلوچ بک بینک لائبریری کے منتظمین محمد یاسر، محمد شہزاد ، محمد فاروق اور اسامہ حمید کو کتابیں دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ پورا ملک اس وقت ا فراتفری کا شکار ہوکر انتظامی، اخلاقی، سیاسی وجمہوری طور پر دیوالہ ہوگیا ہے اور حالات کو مزید انارکی کی طرف لے جایا جارہا ہے اگر کسی کو محسوس نہیں ہورہا تو یہ اس کے بے حس ہونے کا نتیجہ ہے ، انہوںنے کہاکہ بلوچستان کے بحرانوں میں اضافہ کرکے صوبے کو ایک بہت بڑی تاریخی تباہی کی طرف دھکیلا گیا ہے ایسے میں صوبے کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے یہاں کے لوگوں کوعلم، شعور ، حکمت اور دانشمندی کے تحت قومی نظم، قدیم سماجی اصولوں کی بنیاد پر منظم ہونا پڑئیگا ۔ انہوںنے کہاکہ علم و حکمت کیلئے بلوچستان کے لوگ کتاب و علم سے اپنے آپ کو جوڑ کر بحرانوں کو سمجھتے ہوئے ان سے نکلنے کیلئے ایک قومی ایجنڈا تشکیل دیں، انہوںنے بلوچستان کے نوجوان ، طالب علموں ، حقیقی قبائلی عمائدین اور سیاسی کارکن سے مطالبہ کیاکہ وہ آگئے بڑھ کر ایک قومی ایجنڈا تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریںتاکہ بلوچستان کو درپیش ایک بہت بڑے بحران سے نکالاجاسکے انہوںنے کہاکہ اگر ہم بلوچستان کو درپیش بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب نہ ہوئے تو صوبہ ایک بہت بڑی تاریخی تباہی سے دوچار ہوگا۔


