نواز شریف کے آنے سے مہنگائی کے اندھیروں اور مایوسیوں کا خاتمہ ہو گا، مریم نواز
پشاور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے خلاف اعلانِ جنگ کر دیا ہے۔پشاور میں مسلم لیگ ن کی تنظیم نو کے حوالے سے منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 10 سال میں خیبر پختونخوا کے وسائل کو صرف لوٹا گیا، نوجوان سیلاب کے پانیوں میں مدد کے لیے پکارتے رہے، خیبر پختون خوا کا ہیلی کاپٹر جلسوں کی ڈیوٹی کرتا رہا۔مریم نواز نے سوال کیا کہ ترقی کو تنزلی میں کس نے بدلا؟ مہنگائی کے جن کو کس کی وطن دشمن سیاست نے جنم دیا؟ مظلومیت کے نعرے بلند کرنے سے پہلے اپنی پھیلائی تباہی کا حساب دیں ۔ان کا کہنا تھا آج کے چیلنجوں کا اسی قوت سے مقابلہ کریں گے جس طرح 2013 میں کیا تھا، نواز شریف کے آنے سے مہنگائی کے اندھیروں اور مایوسیوں کا خاتمہ ہو گا۔علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کتنے تعجب کی بات چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی نمائندگی کرنے کے لئے اسی وکیل کا انتخاب کیا جس نے ملعون سلمان رشدی کا مقدمہ لڑا تھا۔مریم نواز نے کہا یہی چیئرمین پی ٹی آئی کا دوہرا چہرہ ہے، پاکستان میں ریاست مدینہ کے جھوٹے دعوے اور باہر کی دنیا میں اسلام مخالف لابی سے مدد کی اپیل، سلمان رشدی دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث ہے۔مریم نوازشریف نے مزید کہا اگر انہی لوگوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف ساز باز کرنا ہے تو ریاستِ مدینہ کا دعوی کیوں؟ منافقت کی بھی حد ہوتی ہے۔


