کوئٹہ، کسٹم اہلکاروں کی فائرنگ سے ٹرک ڈرائیور جاں بحق
کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کسٹم اہلکاروں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں قلعہ عبداللہ کے رہائشی نوجوان ڈرائیور جاں بحق۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ ہاکی چوک پر کسٹمز اہلکاروں اور اور اسمگلروں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ میں قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان ڈرائیور محمد قاسم گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ مال بردار گاڑی سمیت 2 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ڈرائیور کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ محکمہ کسٹمز بلوچستان کے ترجمان کے مطابق پیر کے روز کوئٹہ میں کسٹمز اہلکاروں نے اسمگلنگ کے مال سے لوڈ ایک ٹرک کو روکنے کی کوشش کی تاہم ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی جس پر کسٹم موبائل اسکواڈز کی جانب سے گاڑی کا تعاقب کیا گیا تو پرائیویٹ گاڑیوں میں سوار اسمگلرز نے کسٹمز موبائل کو روکنے کی کوشش کی اور جب کسٹم موبائل نہ رکی تو اسمگلروں نے کسٹم موبائل گاڑی کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تا ہم مسلسل تعاقب کے بعد کسٹم حکام بلاخر ٹرک کو امداد چوک پر روکنے میں کامیاب ہوئے، البتہ ٹرک ڈرائیور مع دیگر اسمگلر بعد ازاں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اب تک مقتول ڈرائیور کے لواحقین اور مال بردار گاڑی کے مالک کا کوئی موقف میڈیا کے سامنے نہیں آسکا۔


