محکمہ لوکل گورنمنٹ میں اقربا پروری کا نوٹس لیکر امیدواروں کو حق دیا جائے، کوہلو کے رہائشی کا مطالبہ
کوئٹہ (سٹی رپورٹر) کوہلو کے رہائشی خیر محمد مری نے کہا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و رورل ڈویلپمنٹ میں یونین سیکرٹری ، یونین کونسل کی پوسٹوں پر بد عنوانی، میرٹ کی پامالی اور اقرباءپروری من پسند لوگوں کو نوازنا قابل مذمت ہے عدالت عالیہ نے 30 اگست کو تمام تعیناتیاں منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا اس کے باوجود ستمبر کے مہینے میں بارکھان میں تعیناتی آرڈرز جاری کرنا خلاف قانون ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ میں بدعنوانی، اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی سے اہل امیدواروں کی حق تلفی ہوئی ہے عدالت عالیہ نے تمام آرڈرز منسوخ کردیئے تھے لیکن اس کے باوجود محکمہ نے ستمبر کے مہینے میں بارکھان میں آرڈرز جاری کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ لوکل گورنمنٹ تکنیکی مہارت کی آڑ میں پچھلی تاریخوں میں بھی آرڈرز جاری کئے جارہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ڈی جی کا ایڈ من بد عنوانی میں ملوث ہے۔میرٹ کی دھجیاں اڑا کر من پسند اور اقربا پروری کے ذریعے آرڈرز جاری کرکے نا انصافی کی حدیں پار کی جارہی ہے جوکہ درست عمل نہیں ۔ اگر محکمہ نے عدالت عالیہ کے حکم کے باوجود بھی تمام آرڈرز منسوخ نہ کئے تو ہم عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکٹھائیں گے۔ ڈی جی لوکل گورنمنٹ کا ایڈ من پچھلے 15 سالوں سے پوسٹ پر براجمان ہے جوکہ لوکل گورنمنٹ کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے میں ان کاہاتھ ہے اور تعیناتیوں میں میرٹ کی پامالی اور رشوت خوری ان کی کارستانیاں ہےں۔


