چین کے تعاون سے نیا بلوچستان ڈیجیٹیل یوتھ پروگرام کا آغاز کررہے ہیں، جان اچکزئی

کوئٹہ (آن لائن) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان محمد اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنر بناکر اپنے پاں پر کھڑا کرنے اور روز گار کی فراہمی کیلئے چین کے تعاون سے نیا بلوچستان ڈیجیٹیل یوتھ پروگرام کا آغاز کررہے ہیں اس کے ساتھ ہر ضلع میں جدید کمپیوٹر لیب بنائی جارہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈی جی پی آر کے دفتر میں کامران اسد کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایک نیا بلوچستان ڈیجیٹیل یوتھ پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے اس نئی اسکیم سے صوبے کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ایک ڈیجیٹل لیب بنائی جارہی ہے۔ایک لیب پر ایک کروڑ 20 لاکھ لاگت آئے گی۔اس حوالے سے چائناسفارتخانہ ڈیجیٹل لیب کے قیام کے لئے فنڈنگ کریگا۔ سب سے پہلے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ڈیجیٹل لیب بنائی جائے گی اس کے بعد صوبے کے دیگر اضلاع میں مرحلہ وار لیبز بنائی جائیں گی۔ جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو محکمہ اطلاعات اور آئی ٹی کی جانب سے 500 اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔بلوچستان میں آئی ٹی سیکٹر پر دیگر ممالک سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اس حوالے سے چائنیز حکومت نے 3 لاکھ آرایم بی آفر کی ہے۔ہماری کوشش ہے بلوچستان کی ہر یونیورسٹی سے 200 طلبہ کو اسکالرشپس دی جائیںجس ضلع میں یونیورسٹی نہیں وہاں کالج کے طلبا کو سکاشپس کے لئے چنا جائے گا۔ چائنیز حکومت کی جانب سے ہمیں گرانٹ دی جارہی ہے جو خوش آئند اقدام ہے ہماری اور حکومت کی کوشش ے کہ ہم ہر ماہ 4 ورکشاپ کرائیں تاکہ اس حوالے سے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے مستفید کراکر سوشل میڈیا سے واقفیت اور ان کی صلاحیتوں کو ابھارکر ان کے مستقبل کو سنوارنے اور بہتر بنانے کے لئے عملی کوششیں کی جارہی ہیں بلوچستان کے طلبا تعلیمی اور جدید ٹیکنالوجی کے دور میں کسی سے پیچھے نہ رہ سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جب الیکشن کی تاریخ دی جائے گی اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔کیونکہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ڈیرہ بگٹی سے لاپتہ ہونے والے فٹبالرز کی بازیابی کیلئے کوشش جاری ہیں امید ہے کہ وہ بہت جلد بحفاظت بازیاب کرالئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں