لسبیلہ میں کورونا وائرس کے مزید 17 کیسز ،تعداد 120 ہوگئی
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی نے ضلع لسبیلہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین روز کے دوران ضلع لسبیلہ کے مختلف علاقوں سے لئے گئے 65 رینڈم سیمپلنگ کی لیبارٹری کے تجزیے کے بعد ٹیسٹ رپورٹ جاری ہوچکی ہے ، جن میں سے 17 افراد کے رپورٹس مثبت آئے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ نئے رپورٹ ہونےو الے کیسز میں 7 کا تعلق حب ، 8 اوتھل ، 2 کا وندر سے ہے ، ضلعی ناظم صحت لسبیلہ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی نے کہا کہ ضلع لسبیلہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 120 ہوچکی ہے جبکہ ابتک 18 افراد وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں، عوام الناس کو چاہئے کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں ، کورونا کو معمولی نوعیت کا نزلہ زکام سمجھ کر بے احتیاطی کرنا اپنے آپ اور اپنے اہلخانہ و پیاروں کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے ، احتیاط ہی اس وباء سے محفوظ رہنے کا حل ہے ، انہوں نے کہا کہ کورونا سے محفوظ رہنا ہے تو احتیاطی تدابیر معمول کے مطابق اپنانی ہوں گی ، کسی بھی علامت کے ظاہر ہونے پر جلد از جلد معالج سے رابطہ کریں