مہمند،طوفانی بارش اور سیلابی ریلے سے ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق

مہمند:مہمند،طوفانی بارش اور سیلابی ریلے سے ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق، پک اپ گاڑی بہہ کر پنڈیالئی سمال ڈیم میں ڈوب گئی، ڈرائیور زخمی حالت میں معجزانہ طور بچ گیا۔ ڈی پی او محمد شعیب کا متاثرہ علاقے کا دورہ، غمزدہ خاندان سے تعزیت اور نقد امداد دی۔ نقصانات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق قبائیلی ضلع مہمند میں منگل کی شام تک جاری رہنے والی شدید طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں سے جانی و مالی نقصان ہواہے۔ تحصیل پنڈیالی کے علاقے احمدی کور میں طوفانی بارش کے بعد خوفناک سیلاب نکل آیا جس کے ریلے میںبہہ کر سعید نامی شخص کا چھوٹا بیٹا ابوبکر اور کم عمر بیٹی تنزیلہ اور مسلم خان کا چھوٹا بیٹاعمر خان جان بحق ہوگئے۔ تینوں بچوں کی لاشیں رات کو برساتی نالوں سے نکال لی گئی۔اس دوران سیلاب میںایک پک اپ گاڑی بہہ کر پنڈیالئی بارانی ڈیم میں ڈوب گئی ، ڈرائیور افسرخان زخمی حالت میں نکل کر جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ضلع بھر میں شدید طوفانی بارش سے کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کے علاوہ کئی گھر منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔تینوں جان بحق بچوں کی نماز جنازہ بدھ کے روز ادا کردی گئی۔ ضلع مہمند کے قائم مقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد شعیب نے ڈی ایس پی دلفراز خان، ڈی ایس پی علی مراد خان اور دیگر مقامی پولیس حکام کے ہمراہ تحصیل پنڈیالئی احمدی کور کا دورہ کرکے جان بحق بچوں کے ورثاء سے تعزیت کی اور غمزدہ لواحقین کو فوری ضروریات کے لئے نقد امداد دی۔اور علاقے میں سیلاب اور طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیااور مہمند پولیس کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمندقیصر خان نے بھی ڈپٹی کمشنر افتخار عالم کی ہدایت پر علاقے کا دورہ کرکے جان بحق بچوں کے خاندان سے تعزیت کی اور انہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھر پور مدد کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں