بی این پی کو گرفتاریوں سے نہ ڈرایا جائے، حکومت مجھے گرفتار کرکے شوق پورا کرلے، سردار اختر مینگل
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان نیشنل پارٹی لانگ مارچ بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی قیادت میں وڈھ سے کوئٹہ پہنچ گیا ۔وڈھ کی مخدوش صورت حال کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اخترجان مینگل کے لانگ مارچ پہنچنے پر کارکنان کی جانب سے پرتپاک استقبال کے لئے خواتین و بچوں سمیت متعددرہنماؤں نے ان کا استقبال کیا ۔اس موقع پر قائد بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اخترجان مینگل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ لاپتہ افراد کی بازیابی اور ڈیتھ اسکوارڈ کے خلاف ہے، بی این پی کو گرفتاریوں سے نہ ڈرایاجائے، بی این پی شہداء کی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مجھے گرفتار کر کے شوق پورا کرلے۔قلات مغل چوک اور ژالو کے مقام پر سردار اخترجان کے قافلے کا خواتین بچوں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے پرتپاک استقبال کیا۔لانگ مارچ کا اعلان بی این پی کے سینٹرل کمیٹی میں کیا گیا تھا۔پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کا موقف تھا کہ وڈھ میں ان کے فریق کے ساتھ جو تنازعہ چل رہا ہے اس میں حکومت فریق بنی ہے اور ایپکس کمیٹی کے فیصلوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مبینہ طور پر ہمارے فریق کو سپورٹ کیا گیا ہے۔سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد وڈھ میں قیام امن اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہے، تاہم حکومت ہمارے موقف کو سنے بغیر ایپکس کمیٹی میں فیصلہ دے کر عوام کی رائے کو اہمیت نہیں دے رہی ہے۔وڈھ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ میں سوراب، قلات، مستونگ سے قافلے شامل ہوں گے اور کوئٹہ پہنچ کر ایک جلسہ کیا جائے گا، جہاں سردار اختر مینگل اپنے آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے ۔


