غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری ،مزید 27 فلسطینی شہید
غزہ (صباح نیوز)غزہ پر مسلسل اسرائیلی بمباری میں کم از کم 27 فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں صبح 15 افراد رفح کے قریبی علاقے تل السلطان میں، 10 افراد الزاویدا میں اور 2 افراد جبالیہ کیمپ میں شہید ہوئے۔ غیرملکی خبررساں دارے کے مطابق اسرائیل کی جانب صبح بھی خصوصا غزہ سٹی اورہسپتالوں کے نزدیک بمباری کی گئی، ان حملوں سے پہلے ہی غزہ میں شہادتوں کی تعداد 9 ہزار 797 ہو گئی ۔غزہ کا ایک ماہ میں تیسری بار دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا ، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سہولتیں معطل کر دی گئیں ۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ پر جارحیت میں 88 اہل کار شہید ہو چکے ہیں، کسی بھی تنازع میں اقوام متحدہ کا یہ سب سے بڑا جانی نقصان ہے ۔فلسطینی میڈیا کے مطابق مغربی غزہ میں بچوں کے الرنتسی ہسپتا ل پر اسرائیل نے بمباری کی۔عرب میڈیا نے بتایا کہ غزہ میں بمباری کے باعث ایمرجنسی سروس کے اہلکار کچھ علاقوں تک نہیں پہنچ سکے۔


