اسرائیلی میزائل حملوں میں 11 ایرانی شہری جاں بحق، متعدد زخمی، اصغہان میں نگرانی پر مامور ڈرون مار گرایا، ایران کا دعویٰ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے بعد سیکورٹی اور فوجی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے، جہاں مختلف شہروں میں حملوں، گرفتاریوں اور امدادی سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ وہیں ایران نے امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کردیا ہے۔ عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے اصفہان کے قریب ایک ایم کیو-9 ریپر ڈرون مار گرایا ہے، جسے ایران نے امریکی-اسرائیلی جارح دشمن کا ڈرون قرار دیا۔ ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق یہ کارروائی منگل کو انجام دی گئی اور ایران کی جانب سے مار گرائے گئے ڈرونز کی مجموعی تعداد 146 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایم کیو-9 ریپر ڈرون عام طور پر نگرانی اور حملوں کے لیے استعمال ہوتا ہے اور اس کی مالیت تقریباً 3 کروڑ ڈالر بتائی جاتی ہے۔ ادھر صوبہ مرکزی کے شہر محلات میں گزشتہ رات ہونے والے ایک حملے میں 11 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ ایرانی خبر ایجنسی ایسنا کے مطابق شہر میں تین رہائشی یونٹس براہ راست میزائل حملوں کی زد میں آئے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ اسی دوران تہران اور اصفہان کے مرکزی علاقوں میں بھی امریکی-اسرائیلی حملوں کی اطلاعات ہیں۔ شمال مغربی شہر زنجان میں بھی ایک مذہبی مقام کو نقصان پہنچا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق حملے کے نتیجے میں حسینیہ اعظم کے سنہری گنبد اور مینار کو جزوی نقصان پہنچا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے