اسلام آباد ہائیکورٹ، اٹارنی جنرل نے مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا حکومتی نوٹیفکیشن واپس لینے کا عندیہ دیدیا
اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ میں اٹارنی جنرل نے مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا حکومتی نوٹیفکیشن واپس لینے کا عندیہ دیدیا۔ پیر کو قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کیخلاف (ن)لیگ کی درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔اٹارنی جنرل نے مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا حکومتی نوٹیفکیشن واپس لینے کا عندیہ دیدیا۔ اٹارنی جنرل نے کہاکہ مالیاتی کمیشن کے ایک ممبر جاوید جبار استعفیٰ دے چکے ہیں، میں حکومت کو مشورہ دوں گا کہ مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔اٹارنی جنرل نے کہاکہ جس نوٹیفکیشن کو اس عدالت میں چیلنج کیا گیا وہ واپس لینے کا مشورہ دوں گا، ایک رکن کے مستعفی ہونے پر یوں بھی اب نیا نوٹیفکیشن ہی جاری ہونا ہے، دو تین ہفتے کی مہلت دی جائے، امید ہے اس دوران نیا نوٹیفکیشن آجائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے اٹارنی جنرل کی استدعا پر سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی۔


