نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام قدرتی آفات سے بچاﺅ کیلئے تین روزہ سیمینار
کوئٹہ (آن لائن) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کوئٹہ کی جانب سے فرضی تجربات کے حوالے سے سہ روزہ سیمینار کے دوسرے دن ژوب، قلات مکران، اور نصیر آباد ڈویژن کے پینالسٹس نے اپنے اپنے ڈویژنوں میں آنے والے قدرتی آفات سے ہونے والے مسائل جن میں مقامی آبادی کو پیش آنے والے معاملات جن میں عارضی رہائشی کیمپوں کیلئے مخصوص جگہوں کا تعین، ان کیمپوں میں متاثرین کی آباد کاری، لوگوں کو کھانے کے چیزوں کی فراہمی کا طریقہ کار، ارد گرد کے علاقوں سے پانی کی نکاس، متاثرین کو صحت کی سہولیات کا باہم پہنچانے، ان کے مال مویشی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا، نقصانات کا تخمینہ لگانا، متاثرین کی دوبارہ ان کے علاقوں میں آبادکاری و سہولیات کا فراہمی وغیرہ جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔ پاکستان آرمڈ فورس کی جانب سے قدرتی آفات کے حوالے سے پاکستان آرمی کی تیاریوں اور اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈویژنوں کے پینالسٹس نے سامعین کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، کوئٹہ میں 15 سے 17 نومبر 2023 تک اپنی نوعیت کی پہلی صوبائی سطح کی سمولیشن ایکسرسائز (SimEx) کے حوالے سے تین روزہ سیمینار جاری ہے۔ سیمینار کا مقصد کثیر خطرات پر مشتمل فرضی مشقوں کے حوالے سے بلوچستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے منسلک اداروں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری اور ردعمل کی صلاحیتوں میں اضافہ کرناہے۔


