بھارت،50میٹر اونچا اور 10ٹن وزنی موبائل ٹاور چوری کرلیا گیا
نئی دہلی (این این آئی) بھارت میں چور 50میٹر اونچا اور 10 ٹن وزنی موبائل ٹاور چوری کرکے لے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے کوشامبی ضلع کے اجینی گاﺅں سے نامعلوم چور 50میٹر اونچا اور 10ٹن وزنی موبائل ٹاور چوری کرکے لے گئے۔موبائل ٹاورغائب ہونے کی اطلاع ایک ٹیکنیشن نے 29نومبر کو دی،ٹیکنیشن راجیش کمار یادو نے کہا کہ ٹاور رواں سال 31مارچ کو لاپتہ پایا گیا تھا۔یادو کے مطابق کمپنی نے جنوری 2023میں اجینی گاﺅں میں عبید اللہ نامی شخص کے کھیت میں موبائل ٹاور نصب کیا تھا ، 31مارچ کو معائنے کےلئے کھیت کا دورہ کیا تو دیکھا ٹاور کا نام و نشان تک نہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ چور صرف ٹاور ہی نہیں بلکہ ایک شیلٹر، الیکٹریکل فٹنگز اور موبائل ٹاور اسمبلی سے متعلق دیگر سامان بھی لے گئے، سامان کی مالیت 8.5لاکھ روپے سے زیادہ تھی۔پولیس نے ٹیکنیشن کی شکایت پر آئی پی سی کی دفعہ 379کے تحت ایف آئی آر درج کرلی۔


