افغان طالبان کو مکمل سفارتی تعلقات سے پہلے اصلاحات کرنا ہوں گی، چین
بیجنگ (این این آئی)چین نے کہا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت کو مکمل سفارتی تعلقات حاصل کرنے سے پہلے سیاست میں اصلاحات متعارف کروانے، سیکیورٹی کی صورتحال بہتر کرنے اور ہمسایہ ممالک سے تعلقات ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ یہ سمجھتا ہے کہ افغانستان کو بین الاقوامی برادری سے خارج نہیں کرنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان بین الاقوامی برادری کی توقعات پر مزید پورا اترتے ہوئے ایک کھلے اور جامع سیاسی ڈھانچے کو تشکیل دے گا اور اعتدال پسند اور مستحکم ملکی اور خارجہ پالیسی نافذ کرے گا۔وانگ وین بن نے بتایا کہ چین نے کابل سے پختہ عزم کے ساتھ تمام دہشت گرد فورسز کا مقابلہ کرنے، دنیا کے تمام ممالک بالخصوص ہمسایوں کے ساتھ ہم آہنگی سے رہنے اور عالمی برادری کے ساتھ جلد از جلد مل کر چلنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ تمام فریقین کے تحفظات پر سخت ردعمل آتا ہے تو قدرتی طور پر افغان حکومت کو سفارتی طور پر تسلیم کرلیا جائے گا۔


