غزہ میں جھڑپوں اور اموات کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جو تباہ کن ہے، اقوام متحدہ
غزہ(صباح نیوز)مقبوضہ فلسطین میں اقوام متحدہ کے انسانی امور کے دفتر نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے کیونکہ جھڑپوں اور اموات کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے امداد کی کوششیں ناممکن ہوتی جا رہی ہیں۔ادارے کی یومیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمال عدوان ہسپتال گزشتہ روز غیرفعال کردیا گیا جس کے بعد وہاں سے زیادہ تر مریضوں اور عملے کو نکال لیا گیا، یہ ان چند آخری طبی مراکز میں سے ایک تھا جو اب تک فعال ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہسپتال غیرفعال ہونے کی وجہ اس کے آس پاس کے علاقے میں شدید جھڑپیں اور بنیادی طبی سامان، پانی، خوراک اور ایندھن کی کمی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 20مریضوں کو ان کی حالت کی وجہ سے ہسپتال سے نکالا نہیں جا سکا اور وہ تاحال وہیں موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق جھڑپوں سے قبل یہاں 24ہسپتال فعال تھے جن میں سے اب صرف 2 چھوٹے ہسپتالوں میں مریضوں کا داخلہ کیا جا رہا ہے۔


