انسانی حقوق کا عالمی یوم، اسرائیل نے بمباری کرکے 300 فلسطینی شہید کردیے
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) انسانی حقوق کے عالمی دن بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگی جرائم کا سلسلہ جاری رہا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 250 سے زیادہ حملے کیے، رہائشی علاقوں میں بمباری سے کل سے اب تک 300 فلسطینی شہید ہوگئے، متعدد فلسطینی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں دبے ہیں۔ صیہونی فوج نے خان یونس سے رفح جانے والی سڑک بھی بمباری سے تباہ کر دی، اسپتالوں اور ایمبولنسوں پر بھی حملے کیے جس میں 2 طبی کارکن شہید ہوگئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد غزہ میں 3500 اہداف پر حملے کیے جبکہ جنگ کے آغاز 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی افواج نے غزہ میں 22 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک فلسطینی شہدا کی تعداد 18 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ زخمی افراد کی تعداد 48 ہزار سے بڑھ چکی ہے، غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 8000 سے زائد بچے شامل ہیں، جب کہ ہزاروں افراد لاپتہ ہیں جن کے ملبے تلے دبے ہونےکا خدشہ ہے۔ اس حوالے سے فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے فلسطینیوں کو نکالنے میں شدید دشواریاں ہیں، ایندھن کی کمی سے شہری دفاع کے پاس اب صرف ایک گاڑی قابل استعمال ہے۔


