گزشتہ 48 گھنٹوں میں 40 اسرائیلی فوجی ہلاک، درجنوں زخمی، 44 ٹینک تباہ

غزہ(صباح نیوز) فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران 40اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور 44فوجی ٹینکوں کو تباہ کیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران ہم نے غزہ میں اسرائیل کے 44 ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا، اسی دوران40اسرائیلی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی بھی ہوئے۔القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر اسرائیلی فوجیوں پر کیے جانے والے حماس کے حملوں کی ویڈیو بھی جاری کی۔دوسری جانب اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی محکمہ دفاع کی سربراہ نے 2 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجیوں کے معذور ہونے کی تصدیق کی ہے۔اسرائیلی اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی وزارت دفاع کی سربراہ نے کہا کہ ہمارے کئی فوجی شدید نفسیاتی دبا کا شکار ہیں اور آگے چل کر ان کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ کئی فوجیوں کی حالت تشویشناک ہے۔اسرائیلی وزارت دفاع کی سربراہ نے کہا کہ ہمارے کئی فوجیوں کو شدید اندرونی زخم آئے ہیں جس کی وجہ سے ان کے اعضاء شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد فوجیوں کے ہاتھ اور پاوں بھی کاٹنے پڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل ہمارے فوجیوں کو کبھی ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا، جیسا اب کرنا پڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جبکہ 49 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں