انسانی اسمگلنگ کے شبے میں بھارتی ہوائی جہاز کو فرانس ایئرپورٹ پر روک لیا گیا

پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی سے نکوراگوا جانے والے ایک مسافر طیارے کو فرانس کے ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔ اس طیارے پر 300 سے زائد مسافر سوار تھے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق انڈیا سے بتایا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پیرس کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ طیارے کے مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ’انسانی سمگلنگ‘ کا معاملہ ہو سکتا ہے۔ فرانس میں انڈین سفارت خانے نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ انھیں فرانس کے حکام نے طیارے کے روکے جانے کے بارے میں اطلاع دی ہے۔ انھوں نے لکھا کہ’فرانسیسی حکام نے ہمیں بتایا کہ دبئی سے نکاراگوا جانے والے ایک طیارے میں 303 افراد سوار تھے جن میں سے زیادہ تر انڈین شہری ہیں۔ سفارت خانے کی ٹیم نے قونصلر رسائی حاصل کر لی ہے۔ ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور مسافروں کی فلاح و بہبود کو بھی یقینی بنے کی کوشش میں ہیں۔‘ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے بھی فرانس میں انڈین سفارت خانے کی اس پوسٹ کو ری شیئر کیا ہے۔ یہ طیارہ متحدہ عرب امارات سے روانہ ہوا تھا اور ابھی تک وتری ایئرپورٹ پر ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ مسافر طیارہ وہاں ایندھن حاصل کرنے کے لیے اترا تھا۔ خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا کہ طیارہ ایسے مسافروں کو لے جا رہا تھا جن کے بارے میں یہ خدشہ ہے کہ وہ ’انسانی سمگلنگ‘ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ انھیں جمعرات کو ایک گمنام اطلاع کے بعد حراست میں لیا گیا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے اطلاع دی ہے کہ یہ رومانیہ کی لیجنڈ ایئر لائنز کا چارٹر طیارہ تھا جو پیرس سے تقریباً 160 کلومیٹر دور وتری ایئرپورٹ پر تکنیکی وجوہات کی بنا پر اترا تھا جس کے بعد فرانس کی انتظامیہ نے اسے انسانی اسمگلنگ کے شبے میں دوبارہ پرواز نہیں بھرنے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں