برطانیہ نے بنگلادیش میں ہونے والے انتخابات کو غیر معیاری و غیر شفاف قرار دے دیا
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس نے بنگلادیش انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر معیاری و غیر شفاف قرار دے دیا۔خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے انتخابات فری اینڈ فیئر کے معیار پر نہیں اترتے۔ان کا کہنا ہے کہ جمہوری انتخابات کا انحصار قابل اعتماد، شفاف مقابلے پر ہے۔ انسانی حقوق کا احترام، قانون کی حکمرانی جمہوری عمل کے بنیادی عناصر ہیں۔برطانوی کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے مطابق بنگلا دیش انتخابات کے دوران یہ معیارات پورے نہیں ہوئے۔برطانوی وزارت خارجہ نے حزب اختلاف رہنماؤں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار اور اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ سے قبل اپوزیشن کارکنوں کی گرفتاریوں کی تعداد پر تشویش ہے، انتخابی مہم سے پہلے اور دوران دھمکیوں اور تشدد کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے طرز عمل کی سیاسی زندگی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔


