سعودی وزیر دفاع کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

راولپنڈی (انتخاب نیوز) راولپنڈی میں منعقدہ 23 مارچ کی تقریب میں شرکت کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ رہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کی دعوت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ معززمہمان نے بھی 23 مارچ پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر مدعو کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کے ایک روزہ کامیاب دورے کے بعد سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وطن واپس روانہ ہوگئے، روانگی سے قبل نور خان ایئربیس پر آرمی چیف نے انہیں الوداع کیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بھی سعودی عرب کے وزیر دفاع کی ملاقات ہوئی۔ جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع ، سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں