بشام حملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی جائیگی، پاکستان چینی عوام کے ساتھ ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روز خودکش حملے کے واقعے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن اور لائف لائن ہے جب کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ رہا ہے، پاک چین دوستی لازوال ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان چینی عوام کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ لازوال دوستی ہمیشہ قائم رہے گی، گزشتہ روز بشام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے۔ ہر مشکل وقت اور عالمی فورمز پر چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت ہماری جی ڈی پی میں خاصا اضافہ ہوا ہے، سی پیک کے باعث ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انتہا پسندی کے واقعے کے بعد وزیراعظم نے تمام مصروفیات ترک کر کے چینی سفارت خانہ کا دورہ کیا اور افسوسناک واقعے پر چینی سفیر سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے واقعے کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کی تحقیقات کے حوالے سے یقین دہانی بھی کرائی۔ پاکستان ایسی کارروائیوں کے خاتمے کے لیے ہم پوری طرح پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بشام حملے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے گی، کیونکہ اس میں چینی باشندوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں