رجیم چینج سازش کو دو سال مکمل، پی ٹی آئی نے سیاہ ترین سال قرار دیدیے

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف نے منتخب جمہوری حکومت کے خلاف رجیم چینج سازش اور نظامِ مملکت کی تباہی کو دو سال مکمل ہونے پر ان دوبرسوں کو ملکی تاریخ کے سیاہ ترین اور تباہ کن ترین سال قرار دے دیا ،میڈیا سیل کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بیرونی اشاروں اور ذاتی مفادات کے تحت ایک منتخب جمہوری حکومت کے خلاف مکروہ سازش رچا کر پاکستان کی تباہی کے لامحدود سلسلے کی بنیاد ڈالی گئی، ایک منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر پاکستان میں لاقانونیت، دستور و قانون کی پامالی اور جمہوریت کی کھلی آبرو ریزی کا سلسلہ بد شروع کیا گیا، عدلیہ کی آزادی کو ہر سطح پر سلب کرکے ان دو سالوں میں اسے انصاف کے قتل میں مرکزی سہولت کار بنایا گیا، آئین و قانون کی بالادستی پر اصرار کرنے والے ججز کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا جبکہ کھلی الزام تراشی، توہین اور تقسیم کے ذریعے عدلیہ کو عملاً غیرمو¿ثر بنایا گیا، وزیراعظم اور وزیرخزانہ کی جانب سے باضابطہ تنبیہ کے باوجود 6 فیصد سالانہ کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو سیاسی عدمِ استحکام کی بھینٹ چڑھا کر صفر سے نیچے گرایا گیا،ان دو برسوں کے دوران پاکستان سے سیاست و صحافت کی آزادیوں کا جنازہ نکال کر عوام کے ووٹ کے حق کو بار بار پامال، عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین کی گئی، دستور کو عملاً غیرمتعلّق کرکے ریاست کے تمام وسائل اور اداروں کو قانون کی بجائے ریاست کی صفوں میں موجود آئین بیزار عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا،ایک بددیانت ترین الیکشن کمیشن کے ذریعے جمہوریت کی روح کو تار تار، عوام کے حقِ نمائندگی و انتخاب کا سلب کرکےسیاسی انجینئرنگ کی شرمناک تاریخ رقم کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں