پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9مسافروں کو نوشکی سے اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا
نوشکی (انتخاب نیوز)نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے مسافر بس سے پنجاب کے 9افراد کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے 2افراد جاں بحق اور رکن صوبائی اسمبلی کے بھائی سمیت 5 زخمی ہو گئے ۔ڈپٹی کمشنر نوشکی حبیب اللہ موسیٰ خیل کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے قتل کا افسوسناک واقعہ نوشکی کے مقام پر قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں کوئٹہ سے تفتان جانے والی بس کو مسلح افراد نے راستے میں روک لیا اور مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 9 افراد کو ساتھ لے گئے۔ مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مسافروں کو قریبی پہاڑی میں لے جا کر گولیاں مار دیں، واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد کی لاشیں قریبی پہاڑی کے قریب پل کے نیچے سے برآمد کر لیں ۔پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نوشکی سے اغوا ہونے والے 9 مسافروں کی لاشیں برآمد ہو گئی ہیں، ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔پولیس کے مطابق کسی اغوا کار کو ہلاک یا گرفتار کرنے کی تصدیق نہیں ہوسکی، قتل کئے گئے مسافروں کا تعلق منڈی بہاﺅ الدین،گوجرانوالہ اور وزیرآباد سے ہے۔علاوہ ازیں نوشکی میں قومی شاہراہ پر گاڑی پر فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں 2 افرادجاں بحق اور5 زخمی ہوئے۔ڈی سی نوشکی نے بتایا کہ۔ زخمیوں میں ایم پی اے غلام دستگیر کے بھائی بھی شامل ہیں۔


