مستقل اسامیوں پر عارضی تعیناتیوں کو مسترد کرتے ہیں، ینگ ڈاکٹرز بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) نائب صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹر صبور کاکڑ نے کہا ہے کہ مستقل اسامیوں کیلئے عارضی بنیادوں پر تعیناتیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کے لیے بقایاجات کے ریلیز میں غیر ضروری طور پر تاخیری حربے استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹرز کے لیے تجویز کردہ ہاسٹل کے پی سی ون کو تاحال منظور نہ کرنا اور بجٹ مختص نہ کرنا شکوک وشبہات کو جنم دے رہا ہے۔اگر سنجیدگی سے ینگ ڈاکٹرز کے تمام مطالبات کو زیرغورلا کر عمل درآمد نہ ہوسکا تو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان صوبہ بر میں احتجاج کی کال دے گا جِس کی تمام تر ذمہ داری سرکار پر عائد ہوگی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے نائب صدر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مستقل اسامیوں پر کنٹریکٹ کے بنیاد پر تعیناتیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ آبادی میں غیر معمولی اضافے کے باوجود، 2020 سے ڈاکٹروں کے لیے بجٹ میں کوئی باقاعدہ ملازمتیں شامل نہیں کی گئیں۔ 2017 سے کنٹریکٹ ملازمتوں پر یہ مسلسل انحصار ڈاکٹروں کو مستقل تقرریوں سے محروم کرنے حکومتی حربہ کسی صورت کامیاب ہونےنہیں دینگے، اور وائی ڈی اے بلوچستان اس عمل کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔ حکومت کو صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کی ضروریات کو مستقل بنیادوں پر پورا کرتے ہوئے ایڈہاک تعیناتیوں سے گریز کرنا چاہیے، اور غریب عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دینی چاہیے۔ مزید برآں، بغیر مالی معاوضے کے ہسپتالوں میں چوبیس گھنٹے انتھک خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو پوسٹ گریجویٹ کے بقایاجات جاری کرنے میں تاخیر انتہائی تشویشناک ہے۔ یہ غیر ضروری تاخیر ڈاکٹروں پر مالی دبا¶ کے ساتھ ساتھ ذہنی دبا¶ کا باعث بن رہا ہے، جو غریب مریضوں کے علاج و معالجے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔وائی ڈی اے بلوچستان ان مسیحا¶ں کے لئے بقایاجات کے فوری اجراءکا مطالبہ کرتی ہے۔ نائب صدر ڈاکٹر صبور کاکڑ نے مزید کہا کے سیول ہسپتال کوئٹہ میں ڈاکٹروں کے ہاسٹل کی تعمیر کے لیے پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے جانب سے پی سی ون کا تاحال منظور نہ ہونااور فنڈز مختص نہ کرنا شکوک وشبہات کو جنم دے رہا ہے اور اس سے سرکار کی غیرسنجیدگی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ہاسٹل کے تعمیر سے غریب عوام کو نہ صرف سول اسپتال میں بلکہ ٹراما سینٹر میں بھی صحت کی بلاتعطل سہولت میسر آسکی گی۔ وائی ڈی اے بلوچستان وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سیکرٹری صحت، سیکرٹری پی اینڈ ڈی اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ صحت کے شعبے سے منسلک افراد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوراً حل کیا جائے بصورت دیگر صحت سے منسلک تمام تنظیموں سے مشاورت کے بعد شدید احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جِس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں