پسنی میں کھڑے پانی کے مضراثرات ، ایک درجن ڈینگی کیسز سامنے آ گئے

پسنی (نامہ نگار) حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں کھڑے پانی کے مضر اثرات نمودار ہونا شروع ہو گئے ، ڈینگی کی لمبی اڑان ، مکران کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر تربت کے بعد پسنی میں بھی ڈینگی نے وار کرنا شروع کر دیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک درجن کے قریب ڈینگی کیسز سامنے آگئے، مکران جہاں حالیہ طوفانی بارشوں سے زرعی، ماہیگیر ی اور دوسرے شعبے بری طرح متاثر ہوئے وہاں ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود اکثر علاقوں میں بیشتر مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہے جس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا جو خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا ، بالآخر ڈینگی کی شکل میں یہ مختلف علاقوں میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، ساحلی شہر پسنی میں گزشتہ تین روز کے دوران درجن کے قریب ڈینگی کیسز سامنے آئے، واضح رہے کہ پسنی میں علاج و معالجے کی سہولت اور وسائل کی کمی کے باعث عوامی حلقوں میں ڈینگی پھیلنے کے بعد شدید تشویش پائی جارہی ہے ، شہریوں نے محکمہ صحت، ضلعی اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ڈینگی کی تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں