لاپتا لطیف بنگلزئی، اشفاق اور نور الدین کے بارے میں لواحقین کو معلومات فراہم کی جائے، وی بی ایم پی

کوئٹہ (پ ر) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ مستونگ دھرنے پر بیٹھے ہوئے لاپتہ لطیف بنگلزئی، اشفاق اور نورالدین کے اہلخانہ کو دوران مذاکرات ڈی سی مستونگ، کمانڈنٹ ایف سی مستونگ نے حلفیہ یقین دہانی کرائی کہ دو دن کے اندر ان کے لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے گا، یا پھر انہیں ان کے لاپتہ افراد کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائے گی جس کے بعد لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے اپنا دھرنا ختم کیا تھا لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود مستونگ سے لاپتہ افراد بازیاب ہوئے اور نہ ہی ان کے لواحقین کو معلومات فراہم کی جارہی ہے، ضلعی انتظامیہ ایک ہفتہ سے اہلخانہ کو صرف ملاقاتوں میں مصروف رکھا ہوا ہے اور انہیں جھوٹی تسلیاں دی جارہی ہیں۔ نصراللہ بلوچ نے کہا کہ ڈی سی مستونگ اور کمانڈنٹ ایف سی مستونگ سے لاپتہ ہونے والے لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کریں بصورت دیگر وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے ساتھ کوئٹہ ٹو کراچی روڑ پر دھرنا دے کر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں