پشتونخوا ملی عوامی پارٹی پی بی 50 کے ضمنی انتخابی نتائج مسترد کردی ہے، میر وائس خان اچکزئی

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے حلقہ پی بی 50کے ضمنی انتخابات میں امیدوار میروائس خان اچکزئی نے کہاہے کہ پارٹی حلقہ پی بی 50کے ضمنی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتی ہے یہ الیکشن حلقے کے عوام کے حق رائے دہی سے کھلا مذاق ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ اصل فارم نمبر45کے مطابق میری کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اوردھوکہ دہی و بھونڈے طریقے سے نتائج تبدیل کرنے کے وتیرے کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے اور پولنگ اسٹیشن کا وہ عملہ جو دورغ گوئی ،غلط بیانی ،دھوکہ دہی کے مرتکب ہوئے ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یہ بات انہوں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارت وال ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر قہار خان ودان ، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان،سابق صوبائی وزراءڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، مجید خان اچکزئی اوردیگر کے ہمراہ بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوراون کہی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر حلقہ پی بی 50میں دوبارہ الیکشن منعقد ہوئے پچھلی بار کی طرح ایک بار پھر الیکشن میں بے پناہ دھاندلی کی گئی ہم پہلے دن ہی الیکشن کمشنر بلوچستان اورچیف سیکرٹری کو تحریری درخواست کے ذریعے استدعا کرچکے تھے کہ حلقہ پی بی 50کے الیکشن میں جو دھاندلی ہوئی اسکے دیگر اسباب کے علاوہ ایک مسئلہ مقامی انتظامیہ کا پولنگ اسٹیشنوں میں ذمہ داریاں سونپنے کو گردانا گیا تھا اوراستدعا کی تھی کہ ہمیں پولنگ عملہ اورسیکورٹی کیلئے باہر کے اضلاع سے فراہم کی جائے ہماری استدعا پر صرف آر او کا تبادلہ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر بلوچستان کی جانب سے نئے آر او کی تقرری اور آر او نے پہلے دن سے تقریباً تمام عملہ مخالف امیدوارکے کہنے پر انکے حامیوں کو لگایا اور 20اپریل کی رات ہمیں پتہ چلا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 72گورنمنٹ پرائمری اسکول کچھ ادوزئی کمبائنڈ I،پولنگ نمبر96گورنمنٹ ہائی اسکول نورک میل ،پولنگ نمبر97آر ایچ سی نورک سلیمانخیل میل،پولنگ نمبر99گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نورک سلیمانخیل فی میل اور پولنگ اسٹیشن نمبر 50گورنمنٹ پرائمری اسکول کلی ملا احمد مکرزئی ارمبی کاکوزئی کے عملے کو بمعہ پولنگ سامان اغواءکرلیا گیا ہے اور رات دو بجے ہم نے چیف الیکشن کمیشن پاکستان ،الیکشن کمشنر بلوچستان کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ پولنگ اسٹیشن کا عملہ اغواءہوچکا ہے الیکشن کی شفافیت کیلئے انکو بازیاب کرایا جائے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ،الیکشن کمشنر بلوچستان ،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری داخلہ ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن ،ضلعی انتظامیہ اوردیگر کو تحریری آگاہ کرنے کے باوجودوہ پولنگ اسٹیشنز کے عملے کی بازیابی میں ناکام رہے اوران پولنگ اسٹیشنز پر کوئی الیکشن نہیں ہوا لیکن رات گئے مذکورہ بالا پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ آفیسر حاضرہوتے رہے اوراپنا جعلی فارم 45آر ا و کو جمع کراتے رہے اورآر او نے انہیں قبول کرلیا۔انہوں نے کہا کہ بعض پولنگ اسٹیشنز پر دوپہر 12بجے تک کوئی عملہ نہیں پہنچاتھااور مخالف امیدوار کے مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشنز کو اپنے قبضے میں لے رکھا تھا پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارت وال کی نشاندہی کے باوجود انتظامیہ مسلح لوگوں سے پولنگ اسٹیشنز کو آزاد کرانے میں ناکام رہی ۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دن شام پانچ بجے مخالف امیدوار کی قیادت میں مسلح لوگ آتشی و غیرقانونی اسلحہ سے لیکر آر او ،ڈی آر او کے دفتر پر قابض ہوگئے اور ساتھ ہی انکے دفاتر کو جانے والی شاہراہوں پر مسلح لوگوں نے الیکشن کے نتائج لانے والے عملے کو بزور بندوق روکے رکھا اور خود مجھے اور میرے پارٹی کے سیاسی کارکنوں کو آر او ،ڈی آر او کے دفتر جانے سے روک دیا اور میرا مخالف امیدوار چار گھنٹے تک آر او ،ڈی آر او کے دفتر کے اندر پریزائیڈنگ افسران کے حقیقی فارم 45کو جعلی اوردھوکہ دہی کے فارم 45کو تبدیل کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی حلقہ پی بی 50کے ضمنی انتخابات کے دھوکہ دہی کے ذریعے تیار کئے جانے والے نتائج کو مسترد کرتی ہے اورمطالبہ کرتی ہے کہ اصل فارم45کے مطابق میری کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں حلقہ پی بی 50کے عوام جنہوں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کی قومی ،سیاسی ،جمہوری اور خصوصاً آئین کی بالادستی ،جمہوری کی حکمرانی کیلئے اپنی قوم دوستی ،جمہوریت پسندی کا ثبوت دیئے ہوئے پارٹی کے امیدوار کے حق میں رائے دہی استعمال کیا انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں