دکی میں مسلح افراد کی جانب سے بھتے کی پرچیاں، سیکڑوں کوئلہ کانیں بند ہوگئیں، پاکستان ورکرز فیڈریشن

دکی (یو این اے) پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام نو مغوی مزدوروں کی عدم بازیابی اور سینکڑوں کوئلہ کانوں کی بندش کیخلاف احتجاجی ریلی میونسپل کمیٹی دکی سے نکالی گئی۔ریلی کے شرکا نے شہر کے مختلف روڈوں کا چکر لگانے کے بعد میونسپل کمیٹی میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے مزدورں کی 34 دن بعد بھی عدم بازیابی اور سینکڑوں کوئلہ کانوں کی بندش کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور ایف سے کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرے سے جمعیت علما اسلام کے صوبائی رہنماہ سردار اکبر خان ناصر ،پی ڈبلیو ایف کے صوبائی جنرل سیکریٹری شمس خلجی ،پشتخوا نینشل پارٹی کے مرکزی رہنماہ سردار آصف کاکڑ ،سابق ضلعی چیرمین قلعہ سیف اللہ عبدالخالق کاکڑ ، پی دبلیو ایف کے ضلع صدر شیر محمد کاکڑ ،مولوی حقداد ،جمعیت علما اسلام کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد امین ،ولی خان ناصر ،امان اللہ ناصر ،خانزادہ کریم اللہ ناصر ،ملک سعید لہڑی ,عبدالسلام ناصر، صحافی اللہ نور ناصر، اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکی سے اغوا کئے گئے نو مغوی کانکنوں کو 34 دن پورا ہونے کے باجود انتظامیہ بازیاب کروانے میں ناکام رہی ہے۔ مسلح لوگوں کی جانب سے پرچیاں تقسیم کرنے کی وجہ سے سینکڑوں کوئلہ کانیں بند اور پچاس ہزار سے زائد مزدوروں کا بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ ٹھیکیدران کا اربوں روپے کے نقصانات ہوچکے ہیں۔ دکی کے امن وامان کو کسی صورت خراب نہیں کرنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ 26 اپریل سے مزدروں کی جانب سے اعلان کیا گیا کام چھوڑ ہڑتال کا فیصلہ بھی واپس لیتے ہیں۔تمام ٹھیکدار اور مزدور اپنا کام جاری رکھیں گے۔کسی کو ٹیکس دینے کا سوچ ہی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ پشتون اور بلوچ دوبرادر اقوام ہیں۔جوکہ تاریخی طور پر اپنے اپنے سرزمین پر آباد ہیں۔سوئی گیس ساحل اور ریکوڈک پر ہم بلوچوں کا حق تسلیم کرتے ہیں ہمارے وسائل پر ہمارا حق ہے کسی کو بزور طاقت کسی صورت ٹیکس نہیں لینے دینگے۔ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم متحد ہوکر جدوجہد کرینگے اور مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لئے احتجاج ہر سطح پر کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ کول مائنز کی سیکورٹی اور مغویوں کی بازیابی ایف سی اور ضلعی انتظامیہ سمیت حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہے جسکو نبھانے کے لئے تاحال کسی نے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ انہون نے کہا کہ مغوی مزدورون کی بازیابی کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے متفقہ فیصلے بھی کئے ہیں ۔ کمیٹی کے سربراہ قبائلی رہنما سردار اکبر خان ناصر نے کہا کہ دو ہفتے کے اندر اپنے مغوی مزدوروں کو بازیاب کروانے کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ تمقم مزدور اپنا کام جاری رکھیں بھرپور تحفظ کی یقین دہانی دلاتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر مغوی مزدوروں کو بازیاب کرواکر کوئلہ کانوں کو تحفظ دیا جائے اگر ہمارے مطالبات پر عملدرامد نہ ہوا تو سخت سے سخت احتجاج کا لائحہ عمل طے کرکے پورے بلوچستان میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرکے قومی شاہراہیں بند کرنے سمیت دیگر اعلانات کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں