باردانہ کی خریداری کیلئے صوبائی حکومت 13 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کرے گی

پشین ( این این آئی)صوبائی وزیرخوراک حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ صوبائی محکمہ خوراک نے بلوچستان کے کسانوں سے 5 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے وزارت خزانہ کو اس ضمن میں 5 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ زخیرہ شدہ گندم کے معیار کو برقرار رکھنے اور نگرانی میں کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو معیاری خوراک کی بروقت فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ غیرحاضراور غیر سنجیدہ ملازمین کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےمحکمہ خوراک کے زیر انتظام پی،آر سینٹر کے دورے کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی سیکریٹری خوراک اصغر خان حریفال اور سابق صوبائی وزیر سکندرعمرانی بھی انکے ہمراہ تھے صوبائی وزیر خوراک نے بتایا کہ عوام کو معیاری اور سستاگندم فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے کسانوں کی دادرسی کی مد میں 6 مئی سے بلوچستان کے کسانوں سے 5 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم صوبائی وزارت خزانہ اس بابت 5 ارب روپے جاری کرے گی جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی محکمہ خوراک کو باردانہ کی خریداری کیلئے 13 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو نہایت خوش آئند اور عوام دوست اقدام ہے قبل ازیں صوبائی وزیر نے پی آر سینٹر کے گوداموں میں موجود گندم کا معائنہ کرتے ہوئے اسٹاک رجسٹراور ملازمین کے حاضری رجسٹر کا معائنہ بھی کیا اس دوران انہوں نے گوداموں میں موجود گندم کے معیار اور مو¿ثر نگرانی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے پی آر سینٹر میں تعینات اسٹاف کی خدمات کو خوب سراہا دریں اثناء اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کوئٹہ زون سلمیان کاکڑ،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن جابربلوچ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر جمعہ خان،اکاونٹ آفیسر مجیب خان اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرسید جمیل آغا،محمدجان،نقیب اللہ خان،سیف الرحمان کاکڑ اوردیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں