بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں عسکری قیادت کا کلیدی کردار ہے، صوبائی وزیر بخت کاکڑ

کوئٹہ(پ ر)صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بخت محمد کا کڑنے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی بلوچستان کی ترقی وخوشحالی سے وابستہہے، صدر آصف زرداری کے ویژن کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت بلوچستان کو امن کا گہوار ہ بنا کر ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بخت محمد کا کڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی، خوشحال بلوچستان ایک مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، آج بدلتے، جاگتے اور ابھرتے ہوئے بلوچستان پر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ واقعی برسوں سے پسماندہ بلوچستان ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے، آصف زرداری کے ویژن کے تحت کمیونیکیشن انفراسٹرکچر، ڈیموں کی تعمیر، پانی کی قلت کو دور کرنے اور فشریز کے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں حکومت اور عسکری قیادت کا بھی کلیدی کردار ہے، پاکستان آرمی ہیومن سیکیورٹی کومد نظر رکھتے ہوئے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے صحت، تعلیم اور لوگوں کو روزگار مہیا کرنے کے منصوبوں میں صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت کر رہی ہے، کوئٹہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک سنٹر، گوادر ، آواران، ژوب ، خضدار اور پنجگور میں صحت عامہ کی بہترین سہولیات سرفہرست ہیں۔ گوادر پورٹ بھی خطے میں گیم چینجر کا کردار ادا کر رہا ہے جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہو رہے ہیں۔ تربت میں یونیورسٹی، میڈیکل کالج کا قیام، ڈیٹ پروسیسنگ پلانٹ سے بھی مقامی افراد کو روزگار مہیا ہو رہا ہے۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بخت محمد کا کڑ نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کی برّی، بحری، فضائی، لیویز، پولیس اور انسدادِ دہشتگردی شعبوں میں شمولیت ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے لیکن چند ملک دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی میں خلل ڈالنے کے درپے ہیں تاہم افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان تمام عزائم کو ناکام بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بخت محمد کا کڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معدنی وسائل کو جدید طریقے سے نکالنے کی ضرورت ہے، یہاں تیل اور گیس موجود ہیں لیکن آج تک اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا، لیکن اب ہماری حکومت اس شعبے کو بھی جدید خطوط پر استوارکرے گی تاکہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو نکال کر ملکی معاشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں