فریقین جموں کشمیر میں امن وامان قائم کرنے میں کردار ادا کریں، وزیراعظم

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آزادکشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اس صورتحال میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جا رہی ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے مگر احتجاج کے نام پر قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ دوسری جانب صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ ان کی وزیراعظم پاکستان سے گفتگو ہوئی، انہوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا۔شاہ غلام قادر کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام فریقین آزاد کشمیر میں امن وامان قائم کرنے میں کردار ادا کریں، انتظامیہ امن وامان بحال کرنے کے لیے بات چیت کا دروازہ کھولے۔ ادھر صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر عقل کل بنے بیٹھے ہیں، اس کی وجہ سے آج ریاست اور عوام آمنے سامنے ہیں۔ چوہدری محمد یاسین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں بجلی،آٹا سستا ہے تو آزاد کشمیر میں کیوں نہیں ہوسکتا؟ عوام کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں