راولپنڈی میں مغوی اسپتال مالک بازیاب، 3سابق سرکاری ملازمین گرفتار، نقدی اور اسلحہ برآمد
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی میں اسپتال مالک کو تاوان کے لیے اغوا کرنے والے 3 سابق سرکاری ملازموں کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے تاوان کی مد میں وصول کی گئی ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم ، گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ تینوں ملزمان سرکاری ادارے سے برطرف کیے گئے ملازمین ہیں۔تاوان کی رقم لے کر فرار ہوتے وقت ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں تینوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرکے تاوان کی رقم، گاڑی اور اسلحہ برآمد کی گئی۔ مغوی بھی باحفاظت گھر پہنچ گیا۔واضح رہے کہ ہارلے اسٹریٹ کے رہائشی محمد علی قاسم نے 9 مئی کو مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ پچپن سالہ والد قاسم اسحاق 8 مئی کو مغرب کی نماز ادا کرکے ہارلے اسٹریٹ مسجد سے نکلے تو سبز نمبر پلیٹ لگی گاڑی سواروں نے انہیں اغوا کرلیا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش کا اغاز کیا تھا۔


